عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے بہن فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزہ مل گیا
چارسدہ نیوز:
عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کیلئے انکی بہن فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا امریکی ویزہ مل گیا، عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک 3 دن کے دوران امریکی جیل میں ملاقات طے پا گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستانی منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو سمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے
درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق نے ملاقات سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کیلئے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر فراہمی میں مدد کرے۔ عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات، معلومات وکیل کو فراہم کی جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ امریکی وکیل یقین دہانی کرائیں گے کہ معلومات عافیہ صدیقی کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوں گی۔ امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ کیس تیار کرسکیں۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حساس معلومات کی وجہ سے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہوگی۔ جس حد تک ممکن ہوسکا عافیہ صدیقی کے وکیل سے تعاون کریں گے۔
عدالت نے مزید حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فوزیہ صدیقی کی امریکہ میں سیکیورٹی یقینی ہو۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکومنٹ صرف وزارت خارجہ کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کردی
فیس بک پر تبصرے